URDU
لَحد میں عشقِ رخِ شہ کاداغ لے کے چلے
اندھیری رات سنی تھی چراغ لے کے چلے
تِرے غلاموں کا نقشِ قدم ہے راہِ خدا
وہ کیا بہک سکے جو یہ سُراغ لے کے چلے
جِنان بنے گی مُحِبّانِ چار یار کی قبر
جو اپنے سینہ میں یہ چار باغ لے کے چلے
گییٔ، زیارتِ در کی، صَد آہ واپس آئے
نظر کے اشک پچھے دل کا داغ لے کے چلے
مدینہ جانِ جِنان و جہاں ہے وہ سن لیں
جنھیں جنونِ جِناں سوئے زاغ لے کے ـچلے
تِری سَحابِ سخن سے نہ َم کہ نم سے بھی کم
بَلِیغ بہرِ بلاغت بَلاغ لے کے چلے
حضورِ طیبہ سے بھی کوئی کام بڑھ کر ہے
کہ جھوٹے حیلہ مکر و فَراغ لے کے چلے
تمہارے وصفِ جمال و کمال میں جبریل
محال ہی کہ مجال و مَساغ لے کے چلے
گلہ نہیں ہے مرید رشید شیطاں سے
کہ اس کے وسعتِ علمی کا لاغ لے کے چلے
ہر ایک اپنے بڑے کی بڑائی کرتا ہے
ہر ایک مُغْبَچہ مُغ کا اَیاغ لے کے چلے
مگر خدا پہ جو دھبَّہ دَروغ کا تھوپا
یہ کس لعیں کی غلامی کا داغ لے کے چلے
وُقوعِ کِذب کے معنیٖ درست اور قُدّوس
ہِیئی کی پھوٹے عجب سبز باغ لے کے چلے
جہاں میں کوئی بھی کافر سا کافر ایسا ہے
کہ اپنی ربّ پہ سَفاہَت کا داغ لے کے چلے
پڑیہے اندھے کو عادت کہ شوربے ہی سے کھائے
بٹیر ہاتھ نہ آئی تو زاغ لے کے چلے
خبیث بہرِ خبیثہ خبیثہ بہرِ خبیث
کہ ساتھ جنس کو باز و کُلاغ لے کے چلے
جو دین کَؤوں کو دے بیٹھی ان کو یکساں ہے
کلاغ لے کے چلے یا اُلاغ لے کے چلے
رضاؔ کسی سگِ طیبَہ کے پاؤں بھی چُومے
تم اور آہ کہ اتنا دماغ لے کے چلے